نوجوان پاکستانی شاہینوں کو افغان فائٹرز کا چیلنج درپیش، آج پہلا ٹی ٹوئنٹی

March 24, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کپتان بابر اعظم سمیت پانچ سینئر کھلاڑیوں کے بغیر پاکستانی ٹیم افغانستان کے خلاف مشکل سیریز میں قسمت آزمارہی ہے۔ پہلا میچ جمعے کی شب کھیلا جائے گا۔ افغانستان کا شمار اس فارمیٹ کی خطرناک ٹیموں میں ہوتا ہے۔ تینوں میچوں کے لئے امارات میں جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم کو لو اور سلو باؤنس والی شارجہ اسٹیڈیم کی پچ پر آزمائش سے گذرنا ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تین میچ ایک ساتھ ہورہے ہیں۔ میچ رات 9بجے شروع ہوگا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل ہوئے تھے تمام میچ پاکستان نے جیتے ہیں۔ فاسٹ بولرز احسان اللہ ، زمان خان اور بیٹسمین صائم ایوب اور طیب طاہر پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔ شاداب خان اس سے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی کرچکے ہیں۔ اعظم خان اور عماد وسیم کی پاکستانی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ افغانستان کی ٹیم میں آل راؤنڈر محمد نبی کی واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان آخری میچ ستمبر میں ایشیا کپ میں شارجہ میں ہوا تھا۔ ایک وقت میں پاکستان کی ہار یقینی نظر آرہی تھی، نسیم شاہ نے فضل الحق فاروقی کو دو گیندوں پر دو چھکے مارکر پاکستان کی ہار کو جیت میں تبدیل کردیا تھا۔