• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا کی دوسری شکست، ٹی 20 ورلڈ کپ میں پیش قدمی مشکل، سری لنکا کی فتح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 30 ویں میچ میں سری لنکا نے ریکارڈ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ تیسرے میچ میں فتح کے ساتھ میزبان ٹیم نے سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔ دوسری شکست نے آسٹریلیا کی اگلے مرحلے میں پیشقدمی مشکل بنادی ہے۔ گروپ بی کے میچ میں سری لنکا نے 182 رنز کا ہدف 18 اوورز میں دو وکٹوں پر حاصل کر لیا۔ نسانکا نے ناٹ آؤٹ 100 رنز 52 گیندوں پر بنائے۔ یہ اس ٹورنامنٹ کی پہلی سنچری ہے۔ کوشل مینڈس 51، کوشل پریرا ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ پون رتنائیکے 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ دونوں وکٹیں مارکس اسٹوئنس نے حاصل کیں۔ قبل ازیں پالی کیلے میں میں گروپ بی کے میچ میں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آسٹریلین ٹیم دھواں دھار آغاز کے بعد مقررہ اوورز میں181رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ کپتان مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ نے 104رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 56 رنز29 گیندوں پر تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے بنائے۔ مارش نے دو چھکے اور8 چوکے لگاکر 27 گیندوں پر54 ، جوش انگلس نے27 اور گلین میکس ویل نے22 رنز اسکور کئے۔ دشن ہیمانتھا نے تین اور چمیرا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔