کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں انگلینڈ نے اٹلی کو 24 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔ اٹلی نے تین میں سے دو میچ جیتے ، ایک میں شکست ہوئی ہے۔ ایڈنز گارڈنز میں ناکام ٹیم 203رنز کے تعاقب میں 178 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بین میننتی 25 گیندوں پر دھواں دھار 60رنز بناکر نمایاں رہے۔ گرانٹ اسٹورٹ 45، جسٹن موسکا 43، جسپریت سنگھ 12، کپتان ہیری میننتی نے 12 رنز بنائے ۔ انگلینڈ کیلئے جیمی اوورٹن اور سیم کرن نے 3، 3 جبکہ جوفرا آرچر نے 2 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل انگلینڈ نے 7 وکٹوں پر 202 رنز بنائے۔ پلیئر آف دی میچ ول جیکس 53 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ٹوم بینٹن 30، فل سالٹ 28، سیم کرن نے 25 رنز اسکور کیے۔ دوسری جانب نئ دہلی میں افغانستان نے عرب امارات کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ وہ پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ناکام ٹیم 9 وکٹوں پر 160 رنز بنا سکی۔ شعیب خان 48 گیندوں پر 6 چوکے اور 4 چھکوں کی بدولت 68 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، علیشان شرفو نے 40 رنز جوڑے۔ 5 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ تین بیٹر صفر پرآئوٹ ہوئے ۔ عظمت اللہ نے 4 ، مجیب الرحمٰن 2 اور کپتان راشد خان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔ افغان ٹیم نے 161 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔ اوپنر رحمان اللہ گرباز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ ابراہیم زدران 53 ، عظمت اللہ عمر زئی نے 40 رنز بنا کر جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔