سعودی عرب، ایران کا سفارت خانے کھولنے کیلئے ملاقات پر اتفاق

March 24, 2023

ریاض (شاہد نعیم) سعودی عرب کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے جمعرات کی صبح بتایا ہے کہ سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کے درمیان جلد ملاقات ہو گی جس میں ایک دوسرے کے ملک میں سفارت اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کے لیے راستہ ہموار کیا جائے گا۔ سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے اور نیوز چینل الاخباریہ نے الگ الگ رپورٹس میں بتایا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی ہے جس میں ملاقات پر اتفاق کیا گیا ہے۔ سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو رمضان کی مبارک باد بھی دی ہے۔ سعودی عرب اور ایران نے کئی سال تک برقرار رہنے والی کشیدگی کے بعد 10 مارچ کو سفارتی تعلقات کی بحالی اور دو ماہ میں ایک دوسرے کے ملک میں سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔ ایرانی وزیر خارجہ عبداللہیان نے اتوار کو بتایا کہ ملاقات کے لیے تین مقامات تجویز کیے گئے ہیں۔