گیس صارفین کو رمضان میں بھی ریلیف نہ مل سکا، متعدد علاقوں میں بدترین صورتحال

March 24, 2023

راولپنڈی (خبر نگار، جنگ نیوز) رمضان المبارک کی پہلی سحری و افطاری کے اوقات میں راولپنڈی کے متعدد علاقوں میں گیس کی بندش کے باعث روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہری سلنڈر اور لکڑیاں جلانے پر مجبور ہو گئے۔ گزشتہ روز پہلی سحری کے اوقات میں محلہ حافظ آباد ، ڈھوک حسو ، کلیام آباد ، منگٹال ، پیرودھائی ، ڈھوک رتہ ، ویسٹریج کے مختلف علاقوں ، اندرون شہر محلہ سیٹھی کالونی ،جھنڈا چیچی، حکمداد محمود علی شاہ ، صادق آباد ، سیٹلائٹ ٹاون سی بلاک، اشرف کالونی اور گردونواح میں سحری و افطاری کے اوقات میں گیس لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کی وجہ سے سحری و افطاری کی تیاری میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دریں اثناء میڈیا ٹاؤن ، ٹیپو روڈ ، چمن زار ، جہانگیر روڈ ، مسلم ٹاؤن کرنل یوسف کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بھی صورتحال بدتر رہی۔ میڈیا ٹاؤن میں رات دس بجے کے بعد گیس غائب رہنا معمول بنتا جارہا ہے جبکہ گزشتہ روز پہلی سحری کے وقت بھی پریشر انتہائی کم کر دیا گیاجس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صرف اسی پر اکتفا نہیں کیا گیا بلکہ دن بھر بھی گیس غائب رہی۔ صارفین کے مطابق اب تو موسم سرما ختم ہونے کے بعد ہیٹر مکمل بند اور گیزر بھی کم استعمال ہو رہے ہیں ، ایسی صورت میں گیس لوڈ شیڈنگ کا کیا جواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسے بھی ان کے ساتھ دیگر قریبی سو سائیٹوں کے مقابلے میں گیس فراہمی میں سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم،وفاقی وزیر اور ایم ڈی سوئی ناردرن سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔