الیکشن سے فرار پاکستان کی سالمیت سے کھیلنے کے مترادف ہے، راجہ ناصر عباس

March 24, 2023

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 90روز کے اندر الیکشن نہ کروانا آئین پاکستان اور سپریم کورٹ کے حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اتحادی جماعتوں نے اس سنگین جرم کا ارتکاب اپنے ذاتی مفادات کو دوام بخشنے کیلئے کیا ہے جبکہ الیکشن سے فرار پاکستان کی سالمیت سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور اُنکے سہولت کار ملک کو بحران کی طرف دھکیل رہے ہیں، جس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔ اُنہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر آئین شکنی کے مرتکب حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کی دھن میں مگن ہیں، حکمران 1971ء جیسے سانحہ سے سبق سیکھنے کی بجائے پھر سے خونی کھیل کھیلنا چاہتے ہیں۔ ملک کو مزید کسی بحرانی کیفیت میں مبتلا کرنے کے خبط میں مبتلا عناصر اپنے ناپاک عزائم میں ناکام و نامراد ٹھہریں گے۔ انہوں نے کہا کہ باشعور عوام مادر وطن کو کسی کے ذاتی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینگے۔