شہریوں میں ٹریفک قوانین کا شعور پیدا کیا جائے گا، چیف ٹریفک آفیسر

March 24, 2023

پشاور( کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے شہر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے اور شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے وارننگ بک کا اجراء کردیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے کہا کہ وارننگ بک کے اجراء کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے آمادہ کرنے سمیت انہیں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وارننگ بک سے چالان کا ریشو کم ہو گا جس کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر وارننگ بک تھما دیا جائے گا جس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد پر جرمانوں سے متعلق معلومات درج ہو گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنیوالوں کو وارننگ بک فراہمی کے بعد ان کا نام سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے سافٹ ویئر میں درج کیا جائے گا جبکہ آئندہ خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کرنے سمیت انہیں چالان بھی دیا جائے گا۔ اسی طرح وارننگ بک سے متعلق شہریوں کو آگاہی دینے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیمیں اور والنٹیئر ٹاسک فورس شہریوں کو سڑکوں پر اور طلبہ کو سکولز‘ کالجز اور یونیورسٹیز میں آگاہی دی جائے گی تاکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق اویئرنس پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وارننگ بک اجراء سے چالان کا ریشو کم ہو گا سٹی ٹریفک پولیس پشاور کا مقصد کسی صورت شہریوں کو چالان دینا نہیں بلکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔