معروف برانڈز کے نام پر جعلی مشروبات بنانے والے یونٹ پر چھاپہ

March 24, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک میں جعلی مشروبات کی سپلائی ناکام بنادی، غلہ منڈی میں معروف برانڈز کے نام سے جعلی مشروبات تیار کرنے والا یونٹ پکڑا گیا، 500 لٹر مضر صحت سیرپ تلف، 300 لٹر تیار شدہ جعلی مشروبات ضبط کرلی گئیں، تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غلہ منڈی میں جعلی مشروبات کی تیاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ کارروائی کے دوران سینکڑوں لٹر ناقص سیرپ تلف جبکہ جعلی مشروبات اور سامان ضبط کرلیا گیا۔جعلی ڈرنکس سپلائی کرنے والا لوڈر رکشہ بھی ضبط کرلیا گیا۔ بیوریجز پلانٹ کے مالک کے خلاف تھانہ ممتاز آباد میں ایف آئی آر درج کروادی گئی۔ کارروائی محلہ جوگ مائع گلی بار دانے والی میں کی گئی۔ کھلے اجزاء سے تیار سیرپ سے ہزاروں لٹر جعلی مشروبات تیار کرکے رمضان المبارک میں ملتان اور مضافاتی علاقوں میں کریانہ اور ڈرنک کارنرز پر سپلائی کی جانی تھیں۔ معروف برانڈز کا پیکنگ اور لیبلنگ مٹیریل بھی ضبط کرلیا گیا۔ ویجیلنس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی بوتلیں اور سامان ضبط کرلیا گیا۔ اس موقع پر ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ زیادہ منافع کے لالچ میں عوام کو زہر سپلائی کرنے والے معاشرے کیلیے ناسور ہیں۔ ماہ رمضان میں عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی کی مہم جاری رہے گی۔