ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے پیرا فورس کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری آپریشنز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ دورے کے دوران پیرا فورس کے افسران نے تجاوزات کے خاتمے، غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیوں اور عوامی ریلیف سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اس موقع پر پیرا فورس کو ہدایت کی کہ تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے قائم کئے گئے پیرا فورس کے اس نئے ادارے سے عوام کو بہت امیدیں وابستہ ہیں۔