جدید طرز زندگی نے کروڑوں افراد کو نیند کے مسائل سے دوچار کردیا، میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سمینار

March 24, 2023

لاہور ( رپورٹ ،حرا بتول ) جدید طرز زندگی نے انسانی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے آج دنیا بھر میں کروڑوں افراد نیند نہ آنے کے مسائل سے دوچار ہیں نیند نہ آنے کی بے شمار وجوہات ہیں جس میں اہم ترین رات دیر تک موبائل فون کا استعمال، سگریٹ نوشی، رات کا کھانا دیر سے کھانا، چائے اور کافی کا زیادہ استعمال ہے ۔ ان خیالات کا اظہار طبی ماہرین نے نیند کے عالمی دن کی مناسبت سے میر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) کی جانب سے منعقدہ سیمینار میں کیا ۔جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر کامران چیمہ (سابق سربراہ شعبہ پرمانولوجی سروسز ہسپتال و سمز)نے کی جبکہ ماہرین کے پینل میں پروفیسر ڈاکٹر آفتاب آصف (ماہر نفسیات سابق سربراہ شعبہ نفسیات کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج) پروفیسر ڈاکٹر اشرف جمال (ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ پرمانولوجی علامہ اقبال میڈیکل کالج و جناح ہسپتال)پروفیسر ڈاکٹر صولت اللہ خان (سابق سربراہ شعبہ پرمانولوجی میوہسپتال و جنرل ہسپتال)پروفیسر ڈاکٹر آمنہ معظم (چیئرپرسن نفسیات لاہور کالج یونیورسٹی)ڈاکٹر اقصیٰ شبیر (ایسوسی ایٹ پروفیسر الیکٹریکل انجینئرنگ، ڈائریکٹر او آر آئی سی /ایل سی ڈبلیو یو)ڈاکٹر ندرا ملک (اسسٹنٹ پروفیسر اپلائیڈ سائیکالوجی ۔ایل سی ڈبلیو یو)ڈاکٹر ظہیراختر (گلاب دیوی ہسپتال) ماہم فاطمہ برانچ منجیر ، وقار شاہد مارکیٹنگ منیجر( مولٹی فوم ریسرچ فائونڈیشن)شامل تھے، میزبانی کے فرائض واصف ناگی چیئرمین ایم کے آر ایم ایس (جنگ گروپ) نے سرانجام دیئے۔ پروفیسر ڈاکٹر کامران چیمہ نے کہا کہ نیند نہ لینا انتہائی نقصان دہ ہے بلڈ پریشر، شوگر، موٹاپا ، کینسر اور ذہنی بیماریاں نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے ہوتی ہیں ،خوبصورتی بھی متاثر ہوسکتی ہے ۔