کسی کو دوسروں کے راز فاش کرنے کا حق نہیں‘ صدرعلوی

March 24, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آڈیو لیک معاملے پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی ، اخلاقی اور قانونی لحاظ سے کسی بھی شخص کی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ کر کے پبلک کرنا جرم ہے اور کسی کی شخصیت کو نیچا دکھانا ہر لحاظ سے معیوب ہے ، لیکن افسوس ہے کہ ہمارے معاشرے میں کسی کی عیب جوئی کرنا کار ثواب سمجھا جاتا ہے۔ کسی کو کوئی حق نہیں پہنچتاکہ دوسروں کے راز فاش کرے‘ایسے لوگوں کی سرزنش ہونی چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف لائرز فورم سندھ کے زیر اہتمام گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینئررہنما انصاف لائرز فورم سندھ ریاض آفندی ایڈووکیٹ کی زیر نگرانی منعقدہ سیمینار میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔