ماہ صیام، عطیات خون کیمپ افطاری کے بعد لگانے کا فیصلہ

March 25, 2023

پشاور(جنگ نیوز)ماہ رمضان میں تھیلی سیمیا، ہیموفیلیا اور دیگر امراض خون میں مبتلا بچوں کو خون اور اجزائے خون کی بلاتعطل فراہمی جاری رکھنے کیلئے عطیات خون کیمپ افطاری کے بعد لگائے جائیں گے، اس بات کا فیصلہ فرنٹیئر فاؤنڈیشن ہیماٹالوجی سروسز کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم کی زیرصدارت رمضان المبارک میں عطیات خون میں کمی کے حوالے سے منعقدہ ہنگامی اجلاس کے دوران کیا گیا، اس دوران فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے ایڈمسنٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان نے عطیات خون کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی، اجلاس کو بتایا گیا کہ ماہ رمضان کے دوران بچوں کو خون و اجزائے خون کی فراہمی بلاتعطل جاری ہے تاہم بلڈ بینک میں موجود سٹاک ان بچوں کی روزانہ کی انتقال خون کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کافی نہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلڈ ڈونرز افطاری کے بعد ہسپتال آکر بھی رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کر سکتے ہیں جبکہ بلڈ کولیکشن ٹیمیں افطاری کے بعد بلڈ کیمپوں کا انعقاد یقینی بنائیں گی تاکہ امراض خون میں مبتلا ننھے بچوں کی انتقال خون کی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔