سرحد چیمبر اورانجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر لیے گئے

March 25, 2023

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اوریونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور ٗ انڈسٹریز اکیڈیمیہ روابط کو فروغ دینے کیلئے باہمی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق باہمی مفاہمت کی یادداشت پر سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اسحاق اوریونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور آفس آف ریسرچ ٗ انویشن اینڈ کمرشلائزیشن (او آر آئی سی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نصر من اللہ نے چیمبر ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔ صدر محمد اسحاق نے کہا ہے کہ چیمبر صوبہ بھر کی سرکاری و نجی جامعات کے ساتھ باہمی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کا بنیادی مقصد کاروباری طبقہ بالخصوص نوجوان کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عملی تجربہ دلوانا ہے تاکہ مستقبل میں انہیں روزگار کے فوری مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ چیمبر نے حال ہی میں جرمن ادارے GIZ اور خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے مابین باہمی مفاہمت کے تعاون پر (MOC) پر دستخط کئے تاکہ کاروباری طبقہ سمیت نوجوانو ں کی مختلف سکلز / ٹریڈ میں تربیتی پروگرام کے ذریعے صلاحیتوں میں مزید نکھار لایا جاسکے اور ان جاب ٹریننگ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے 2.0 پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے سرحد چیمبر کے صدر کا کہنا تھا کہ پروگرام پاکستان میں پہلی بار ایس سی سی آئی شروع کرنے جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے چیمبر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ملک و صوبے کی موجودہ معاشی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی اور کاروبار بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں جبکہ صنعتی یونٹس صرف 10 سے 15 فیصد صلاحیت پر چل رہی ہیں۔ سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق نے ملکی معیشت کی بہتری اور استحکام دلانے کے لئے مقامی قدرتی ذخائر اور وسائل سے بہتر انداز پر استفادہ حاصل کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں بے شمار قدرتی وسائل موجود ہیں بالخصوص ماربل جیمز ٗ اسٹون اور معدنیات وغیرہ سرفہرست ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد چیمبر جیمز سٹون سیکٹر کی ترقی کے لئے اقدامات شروع کئے ہیں اس سے قبل یو ای ٹی پشاور کے ORIC ڈائریکٹر نصراللہ من اللہ اور منیجر انڈسٹریز لینکیز ڈاکٹر طارق ایم خلیل نے یونیورسٹی میں جاری مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق کو تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت یو ای ٹی پشاور سرحد چیمبر اور کاروباری طبقہ کی بہتری و ترقی کے لئے مل کر کام کیا جائے گا۔