سموسے، پکوڑے، جلیبی کی تیاری میں مضر صحت تیل کا استعمال

March 25, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر) رمضان المبارک میں سموسے،پکوڑے،جلیبی سمیت دیگر اشیاء کی تیاری میں غیر معیاری اور مضر صحت آئل(تیل) استعمال کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ماہ مقدس کے آغاز کے ساتھ ہی شہر میں سموسے،پکوڑے،جلیبی،دہی بھلے وغیرہ کی طلب میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں دکانداروں نے زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں ان اشیاء کی تیاری میں غیر معیاری اور مضر صحت تیل استعمال کرنا شروع کر دیا ہےجس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد کے بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔شہری حلقوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور ضلعی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جہاں گراں فروشی کے خلاف ایکشن لیا جا رہا ہے وہاں مضر صحت اور غیر معیاری اشیاء استعمال کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔اس بارے جب ڈاکٹر عارف بھٹی سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ شہری مضرصحت اور غیر معیاری تیل میں تیار ہونے والی اشیاء ہرگز استعمال نہ کریں اس سے معدہ کے امراض خاص طور پر السر پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔