غیرآئینی اقدامات میں ملوث صدر کا مواخذہ ہونا چاہئے، شرجیل میمن

March 26, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی متعدد بار غیرقانونی اور غیرآئینی اقدامات میں ملوث رہے ہیں، ان کا مواخذہ ہونا چاہئے، عارف علوی کا بیٹا سوشل میڈیا سیل کی سربراہی کررہا ہے اور اداروں کے خلاف مہم چلانے میں سب سے آگے ہے، پاکستان کی سالمیت سے کھیلا جارہا ہے، ملک کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اس سازش میں استعمال ہونیوالے لوگ پاکستانی ہیں، پاکستان کی غیرجانبدار شخصیات مرحوم ڈاکٹر اسرار احمد اور مرحوم عبدالستار ایدھی نے عمران خان کی اصلیت بہت پہلے عیاں کردی تھی، وہ سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو ڈاکٹر اسرار احمد اور عبدالستار ایدھی کے ویڈیو کلپس دکھائے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر اسرار احمد نے واضح طور پر بتادیا تھا کہ عمران خان اسرائیل اور یہودیوں کے اشاروں پر چل رہے ہیں جبکہ عبدالستار ایدھی بھی عمران خان کی سازشوں کی نشاندہی کرچکے تھے کہ وہ کس طرح شہید بینظیر بھٹو کی حکومت گرانے کیلئے ان کے پاس حمید گل کے ساتھ آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی پی ٹی آئی کے غیرقانونی اور غیرآئینی اقدامات کے وقت کیوں خاموش رہے اور اس وقت خط کیوں نہیں لکھے۔