اسلام آباد(قاسم عباسی)گیلپ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ قومی آبادیاتی اعداد و شمار کے تجزیے کے مطابق پاکستان میں تقریباً1.6 فیصد پیدائشیں جڑواں یا اس سے زیادہ بچوں کی صورت میں ہوتی ہیں۔ یہ تجزیہ پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے کرائے گئے پاکستان ڈیموگرافک سروے کے ڈیٹا پر مبنی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں ہر سو پیدائشوں میں سے تقریباً ایک سے دو پیدائشیں جڑواں یا اس سے زیادہ بچوں کی ہوتی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ شرح خیبر پختونخوا میں 2.4فیصد ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد سندھ میں 2.1فیصد اور پنجاب میں1.8 فیصد رہی۔ اگرچہ ایک سے زیادہ بچوں کی پیدائش نسبتاً کم ہوتی ہے، تاہم محققین کے مطابق یہ شرح عالمی سطح پر مشاہدہ کیے جانے والے قدرتی حیاتیاتی دائرے کے اندر آتی ہے اور ملک کے مختلف حصوں میں آبادیاتی رجحانات کو بھی ظاہر کرتی ہے۔