روس کا بیلاروس کے ساتھ جوہری ہتھیار رکھنے کا معاہدہ

March 27, 2023

ماسکو(نیوزڈیسک)روس کا بیلاروس کے ساتھ جوہری ہتھیار رکھنے کا معاہدہ ہوگیا، معاہدے کے تحت روس اپنے جوہری ہتھیار بیلاروس میں رکھے گا۔روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ اس کی سرزمین پر ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار رکھنے کا معاہدہ کیا ہے، امریکہ نے بھی یورپی اتحادیوں کی سرزمین پر جوہری ہتھیار رکھے ہوئے ہیں، روسی اقدام سے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدوں کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔روسی صدر پیوٹن نے سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیلاروس کے صدر طویل عرصے سے اپنے ملک میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار رکھنے کیلئے کہتے رہے تھے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ بین الاقوامی قوائد و ضوابط اور ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کیے بغیر ہم بھی امریکہ کی طرح اپنے اتحادی ملکوں میں جوہری ہتھیار رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جوہری ہتھیار بیلاروس کے حوالے نہیں کر رہے، لیکن ہم بھی بلکل وہی کر رہے ہیں جو امریکہ دہائیوں سے کرتا آ رہا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ یا پینٹاگون کی جانب سے پیوٹن کے اس اقدام پر کوئی ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا۔امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پیوٹن کے نیٹو کو ڈرانے کے کھیل کا حصہ ہے، کیونکہ روس کے پاس اپنے ملک میں ہی اس طرح کے کئی ہتھیار اور اسے سنبھالنے والے فوجی موجود ہیں تاہم بیلاروس میں ایسا کرنے کیلئے کوئی فوجی یوٹیلٹی موجود نہیں ہے۔