• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیل قیمتوں کا بوجھ صارفین پر منتقل، ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی، آئی ایم ایف کو یقین دہانی

اسلام آباد(مہتاب حیدر) پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کیساتھ معاشی و مالیاتی پالیسیوں کی یادداشت کے تحت یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ تیل کی قیمتوں کا بوجھ صارفین تک منتقل کیا جائیگا۔

ٹارگٹیڈ سبسڈیز متعارف کرائی جائیں گی اور کھاد و زرعی ادویات پر وفاقی ایکسائز ڈیوٹی کے نفاذ کو مؤخر کیا جائیگا۔

خلیجی خطے میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے بعد ایندھن اور خوراک کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے منفی اثرات کم کرنے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ماہانہ وظیفہ 14500 روپے سے بڑھا کر 19500 روپے کیا جائیگا، جو جنوری 2027 سے نئے اسٹرکچرل بینچ مارک کے تحت نافذ ہوگا۔ 

پاکستانی حکام نے اس امر کا بھی اعتراف کیا ہے کہ حکومت نے وزیر اعظم کفایت شعاری فنڈ قائم کیا، سرکاری ترقیاتی پروگرام میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی، 27 ارب روپے کی بچت کی، ایندھن الاؤنس کم کیے اور غیر تنخواہی اخراجات میں 20 فیصد کمی کی۔ 

تاہم ایسے اقدامات عارضی نوعیت کے ہو سکتے ہیں، جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں باقاعدہ ردوبدل طلب کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ 

حکومت کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے ہدفی سبسڈی نافذ کریگی۔تیل اور کھاد کی قیمتوں میں شدید اتار چڑھاؤ اور عمومی معاشی غیر یقینی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کھاد اور زرعی ادویات پر وفاقی ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کو مؤخر کرے گا۔ کھاد کی اسٹریٹجک اہمیت اور زرعی شعبے کو درپیش غیر یقینی حالات سے آگاہ ہیں۔

اہم خبریں سے مزید