پاکستان سے ٹی 20 سیریز کیلئے نوجوانوں پر مشتمل نیوزی لینڈ ٹیم کا اعلان

March 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ٹام لیتھم نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ٹیم میں ایک نئے بولر ہنری سفلی بھی شامل ہیں۔ نیوزی لینڈٹیم آئندہ ماہ پاکستان میں پانچ ٹی 20میچز لاہور اور پنڈی میں کھیلے گی ۔ مہمان ٹیم کے صف اول کے کھلاڑی آئی پی ایل میں مصروف ہیں۔ ان میں فن ایلن، ڈیوان کونوے، مچل سینٹنر، لوکی فرگوسن، گلین فلپس شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی نوجوان ٹیم پاکستان آرہی ہے۔ کھلاڑیوں میں چیڈ بووس، مارک چیپمن، ڈین کلیوور، میٹ ہینری، بن لیسٹر، ایڈم ملنے، کول مک کونچی، ڈیرل مچل، جمی نشم ، رچن روندرا،ہنری سفلی، اش سودھی، بلیئر ٹکنر اور ول ینگ بھی شامل ہیں۔ ٹیم لاہور میں 14، 15اور 17جبکہ راولپنڈی میں 20اور 24اپریل کو ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان میں پانچ ون ڈے میچز بھی کھیلے گی ون ڈے میچز کیلئے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ہفتے کوآکلینڈ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف پہلا ون ڈے انٹر نیشنل198رنز سے جیت لیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے ہفتے کوسری لنکا کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے274رنز بنائے، ناکام ٹیم صرف76رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ ہنری سفلی نے31رنز دے کر پانچ کو آؤٹ کیا تھا۔