مرتضیٰ وہاب اور وقار مہدی نے روزمرہ اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا

March 27, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے ضلع جنوبی اور ضلع کیماڑی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں معلوم کیں، زائد قیمتوں پر اشیاء فروخت کرنے اور پرائس لسٹ نہ رکھنے والے دکانداروں پر جرمانوں کی ہدایت کی، کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی , ڈپٹی کمشنر کیماڑی اور دیگر افسران انکے ہمراہ تھے ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سینیٹر وقار مہدی نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے ہمراہ کلفٹن بلاک ٹو میں شہریوں کے لیے لگائے گئے بچت بازار کا دورہ کیا اور روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ کراچی میں 28 مقامات پر صبح 9 سے شام 5 بجے تک بچت بازار لگائے جارہے ہیں ، بچت بازاروں میں لوگوں کا رش ہے اور مستفید ہو رہے ہیں. جو ریٹ حکومت کی جانب سے طے کر دیئے گئے ہیں اس سے زیادہ نرخ پر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔