پاکستان کو دوسرے میچ میں بھی شکست، افغانستان نے سیریز جیت لی

March 27, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پانچ سنیئر کھلاڑیوں کو آرام دے کر ناتجربہ کار کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا تجربہ تباہ کن ثابت ہوا۔افغانستان نے پاکستان کیخلاف پہلا انٹر نیشنل میچ جیتنے کے 48گھنٹے بعد دوسرا ٹی ٹوئٹنی انٹر نیشنل بھی جیت کر شارجہ میں نئی تاریخ رقم کردی اور سیریز دو صفر سے جیت لی۔ افغانستان نے پاکستان کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد سات وکٹ سے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔میچ کا فیصلہ ایک گیند پہلے ہوا۔دنیا میں ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل کھیلنے والے ٹاپ چھ ملکوں کے خلاف افغانستان نے پہلی سیریز جیتی ہے اس سے قبل وہ ویسٹ انڈیز ،زمبابوے اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز جیت چکے ہیں۔ افغانستان کا اس وقت عالمی رینکنگ میں دسواں اور پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔بابر اعظم ،محمد رضوان ،شاہین آفریدی،فخر زمان ،اور حارث روف کو آرام دینے کا تجربہ بری طرح ناکام رہا۔اتوار کی شب شارجہ اسٹیڈیم کے باہر افغان تماشائی جیت کا جشن منارہے تھے جبکہ پاکستانی تماشائیوں کو مایوس لوٹنا پڑا۔