بلدیاتی الیکشن بےضابطگیاں، سراج الحق کی چیف جسٹس سے ازخود نوٹس کی اپیل

March 27, 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے نام درخواست میں کراچی بلدیاتی الیکشن کے صاف شفاف انعقاد میں الیکشن کمیشن کی ناکامی اور جانبداری پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے،انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن بد ترین جانب داری کا مرتکب ہوا،ثبوت بھی ارسال کردئے گئے۔ چیفجسٹس کے نام خط میں امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ الیکشن کمیشن نہ صرف صوبائی دارالحکومت میں ایماندارانہ الیکشن کرانے میں ناکام ہوا بلکہ الیکشن کے عمل کے دوران اوربعد میں بدترین جانب داری کا مرتکب ہوا۔ امیر جماعت نے اپنی درخواست کے ہمراہ کراچی کے بارہ حلقوں میں دھاندلی اور الیکشن کمیشن کی صوبہ کی حکمران جماعت کے حق میں جانبداری کے ثبوت بھی ارسال کیے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے استدعا کی ہے کہ عدالت عظمیٰ اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے معاملہ کا نوٹس لے اور الیکشن کمیشن کی دیدہ دانستہ آئین کی خلاف ورزی پر فیصلہ دے اور متنازعہ یونین کمیٹیوں میں الیکشن کو کالعدم قرار دے۔سراج الحق کی جانب سے درخواست میں کہا گیاہے کہ آئین ِ پاکستان کی رو سے ریاست پاکستان میں وفاقی صوبائی اور بلدیاتی غرض ہر سطح پر حکومتوں کے اختیارات کا استعمال عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے کرنا طے کر دیا گیا ہے‘ اس مقصد کو بروئے کار لانے اور صاف و شفاف انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن قائم کیا گیا ہے۔