نظام کی تبدیلی کے بغیر ملکی تقدیر نہیں بدل سکتی، جماعت اسلامی

March 27, 2023

کوئٹہ(پ ر)نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالکبیر شاکر نے کہا ہے کہ نظام کی تبدیلی کے بغیر ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی ملک میں اقتصادی ،سیاسی بحران اور اخلاقی انحطاط اسی فرسودہ نظام اورمسلط نااہل قیادت کا نتیجہ ہے۔ پاکستان میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کو تیز کرنے کیلئے علماء منبر سے اپنا کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے قلعہ سیف اللہ میں تقریب سے خطاب اور وفدسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مدارس کو آباد کرنے والی پارٹی ہے تعلیم اورمعیاری دینی وعصری تعلیم کی بدولت ہم ترقی وخوشحالی کی را ہ پر گامزن ہوسکتے ہیں بدقسمتی سے ہمارے یہاں معیاری عصری تعلیم بہت مہنگی اور اس پر صرف سرمایہ داروں کا حق ہے جس کی وجہ سے غریب کے بچے تعلیم سے دوررکھے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قرآن مجید علم کا سرچشمہ ہے دنیا وآخرت کی کامیابی اور اپنی زندگی ومعاشرے کو تبدیل کرنے کیلئے اس کی روشنی سے اپنے دلوں کو منور کرنا ہوگا۔