کوئٹہ(پ ر) ممتاز معالج ڈاکٹر یاسر اقبال خوستی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹائیفائیڈ کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ بعض مریضوں میں ادویات کے خلاف مزاحمت رکھنے والا ٹائیفائیڈ بھی سامنے آرہا ہے، جس کے علاج کے لئے مہنگے انجیکشن استعمال کرنا پڑتے ہیں۔بیان میں ڈاکٹر یاسر اقبال خوستی نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ ٹائیفائیڈ سے بچاوکے لئے صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کیا جائے اور پینے کے لئے صاف پانی استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہری پانی کو ممکنہ آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لئے اسے ابال کر استعمال کریں جبکہ بازار سے خریدے جانے والے پھل اور سبزیاں بھی اچھی طرح صاف پانی سے دھو کر استعمال کی جائیں۔ڈاکٹر یاسر نے کہا کہ شہری کھانے پینے کے ایسے مراکز پر جانے سے گریز کریں جہاں صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات موجود نہ ہوں، کیونکہ آلودہ پانی اور غیر معیاری خوراک مختلف بیماریوں کے پھیلاوکا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ٹائیفائیڈ کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں خود سے ادویات استعمال کرنے کی بجائے مستند ڈاکٹر سے رجوع اور ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق علاج مکمل کیا جائے۔