نمائندوں کو اختیارات سے محروم رکھنا حالات کی خرابی کی وجہ ہے، ارباب عثمان

March 27, 2023

پشاور ( جنگ نیوز )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنما ارباب عثمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں نظام کی ناکامی اور حالات کی خرابی کی بڑی وجہ عوامی نمائندوں کو آئینی اختیارات محروم رکھنا ہے جس کی واضح مثال پی ٹی آئی کے دور میں حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے ذریعے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ان کے آئینی حقوق سے محروم رکھا اور ڈیڑھ سال سے بلدیاتی نمائندوں کو ان کے اختیارات نہیں دیے جس سے موجودہ بلدیاتی نظام تاحال مفلوج ہے. ایک بیان میں ارباب عثمان خان کا کہنا تھا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے آئینی اختیارات کیلئے اعلی عدلیہ کی طرف دیکھ رہے لیکن ہائی کورٹ میں بھی ابھی تک یہ کیس زیر التوا ہے. انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے حقیقی معنوں میں عوام کیساتھ قریبی تعلق رکھتے ہیں اور عوام بھی بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے مسائل و مشکلات ان کے سامنے رکھ سکتے ہیں. حکومت کی جانب سے مستحق افراد کو رمضان المبارک میں مفت آٹا کی تقسیم کا فیصلہ خوش آئند ہے تا ہم اسے اگر بلدیاتی نمائندوں کے زریعے تقسيم کیا جاتا تو یقینی طور پر ہر مستحق کو بہ آسانی یہ پیکج ملتا. انہوں نے کہا ہائی کورٹ میں بھی ابھی تک اس کیس کا فیصلہ نہ ہونا سمجھ سے بالا تر ہے. کورٹ کا فرض ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو جلد ازجلد ان کے آئینی اختیارات دیں. ارباب عثمان خان نے کہا جب تک بلدیاتی نمائندوں کو ان کا آئینی حق اور اختیار نہیں ملتا موجودہ بلدیاتی نظام ناکام رہے گا اور اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی حکومت ہے جنہوں نے غریب عوام کے اربوں روپے کے ٹیکس کا پیسہ بلدیاتی انتخابات پر خرچ کروایا لیکن اپنے ذاتی مفادات کی خاطر نہ صرف عوام بلکہ ان کے نمائندوں کو آئینی حق اور اختیارات سے محروم رکھا