قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا انتخاب ایک دن ہونا چاہئے، اشبر جدون

March 27, 2023

پشاور (جنگ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا خواتین ونگ کی نائب صدر اشبر جدون نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ ملک کے ساتھ ساتھ اپنے نانا اور والدہ کا نام بھی روشن کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے پاکستان کے تعلقات عالمی برادری کیساتھ مضبوط ہوئے ہیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی واحد قومی جماعت ہے جس کے پاس ویثرن ہے اور ملک کو بہتر انداز میں چلانے کا تجربہ اور ماہرین کی ٹیم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ہمیشہ ملک نے ترقی کی۔پورے ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا انتخاب ایک ہی دن ہونا چاہئے ۔ الگ الگ انتخابات کے انعقاد سے قومی خزانے پر نا قابل تلافی بوجھ پڑیگا۔ وطن عزیز پہلے ہی معاشی طور پر سخت مشکل دور سے گزر رہا ہے ۔سابق حکمرانوں کی نااہلی اور غلط حکمت عملیوں کی سزا عوام بھگت رہے ہیں اور ملک تباہی کے دھانے پر پہنچ کیا ہے ۔ پیپلز پارٹی جب بھی انتخابات ہونگے ان کے لئے تیار ہے، چیر مین بلاول بھٹو نے واضح اعلان کیا ہے کہ انتخابات تین ماہ میں ہوں یا اسکے بعد پیپلز پارٹی بھر پور حصہ لیگی ۔پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی عدلیہ کی خود مختاری میڈیا کی آزادی اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔جمہوریت کے لئے شہید جمہوریت بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا، آج اگر ملک میں جمہوری اداروں مضبوط ہیں عدلیہ آزاد ہے میڈیا آزاد ہے اور پارلیمان کی بالا دستی ہے تو اسکا تمام کریڈٹ پیپلز پارٹی کے شہدا قائدین کو جاتا ہے جنہوں نے جانوں کے نذرانے دینا تو قبول کئے مگر اصولوں پر سودا بازی نہ کی ملک وقوم کے لئے تختہ دار پر چڑھنا قبول کیا مگر کسی آمر کے سامنے جھکنا قبول نہ کیا۔