بچھڑوں کا گوشت فروخت کرنے پر دو قصاب گرفتار

March 27, 2023

پشاور (وقائع نگار )محکمہ خوراک نے بچھڑوں کا گوشت فروخت کرنے پر دو قصابوں جبکہ گرانفروشی پر 11 افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانے میں مراسلے جمع کردیئے۔ سیکرٹری محکمہ خوراک محمد عابد وزیر اور ڈائریکٹر یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور سپر وائزر محمد طیب نے تہکال میں کارروائی کرتے ہوئے بچھڑوں کا گوشت فروخت کرنیوالے دو قصابوں کو گرفتار کرلیا جبکہ پانچ سو کلو سے زائد گوشت کو تلف کردیا۔ بعد ازاں تہکال اور یونیورسٹی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں گرانفروشوں کے کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن کے خلاف تھانہ ٹاؤن میں مراسلے جمع کردیئے گئے۔ گرفتار افراد میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ نانبائی اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے کہا کہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک گرانفروشی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی