جبری گمشدگی انسانی عزت وتکریم کی توہین ہے، ساجد نقوی

March 27, 2023

لاہور(خبرنگار)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے لاپتہ اور زیر حراست افراد سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر کہاکہ جبری گمشدگی انسانی عزت و تکریم کی توہین کے ساتھ غیر آئینی و غیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین و انسانی حقوق کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے ، بنی آدم جسے آزادی اس کے خالق نے دی ، مخلوق یہ نعمت اس سے کسی صورت سلب نہیں کرسکتی، لاپتہ افراد کا معاملہ اب ملکوں سے بین الاقوامی سطح تک پہنچ گیاہے جو انتہائی تشویشناک ہے ، انہوں نے کہا اقوام متحدہ انسانی حقوق کی فراہمی کے اپنے مشن میں کامیاب نہ ہوسکا، مقبوضہ کشمیر وفلسطین اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں، انسانوں کو غلام بنانے کے ہر دور میں نئے انداز سامنے آئے ۔قائد ملت جعفریہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا قیام ہی انسانی حقوق کی فراہمی اور یکساں حقوق کی فراہمی تھا مگر افسوس یہ اپنے مشن میں کامیاب نہ ہوا جس کا سب سے بڑا اور منہ بولتا ثبوت مقبوضہ کشمیر و مقبوضہ فلسطین صورتحال ہے ، افریقہ سے افغانستان تک انسانیت کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا کیا وہ عالمی ضمیر جھنجوڑنے کے لئے کافی نہیں۔؟ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا تدارک صرف زبان سے نہیں ہوگا بلکہ اقوام متحدہ کو عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔انہوں نے غلامی کی یادداشت اور غلاموں کی تجارت سے متاثرہ افراد کی یادداشت کے عالمی دن پر کہاکہ انسان کو آزاد پیدا کیاگیاہے مگر ہر دور میں اسے ایک نئے انداز میں غلامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔