مستحق افراد کو مفت آٹے کے تھیلوں کی ایک ساتھ فراہمی کا فیصلہ

March 28, 2023

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)مفت آٹا سپلائی پیکج کے تحت مستحق شہریوں کو تین آٹے کے تھیلے ایک ساتھ فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔قبل ازیں دس کلو کا ایک تھیلا ہفتہ میں ایک بار سپلائی کیا جارہا تھا۔ ڈبل روڈ پر قائم مفت آٹا سپلائی کے میگا پوائنٹ کے دورہ کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئےڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ راولپنڈی ضلع میں جن شہریوں کو آٹے کا ایک 10 کلو کا تھیلا مل چکا ہے انکو دو مذید آٹے کے تھیلے ایک ساتھ فراہم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور فلور ملز کو آٹے کی سپلائی بڑھانے کیلئے ہدایات جاری کی گئیں تاکہ آئندہ دنوں میں شہریوں کو آٹے کے تین تھیلے یکمشت ہی بلامعاوضہ فراہم کر دیئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ پانچ رمضان المبارک تک راولپنڈی ضلع میں 10 کلو آٹا کے دو لاکھ بیگ شہریوں کو فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ ضلع بھر پانچ لاکھ شہریوں کو 10 کلو آٹے کے تین بیگ فراہم کرنے کا ٹارگٹ ہے جسے 25 رمضان تک مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں فلور ملز کی پیدوار بڑھانے کیلئے اہم اقدامات کئے جائیں گے تاکہ مفت آٹا سکیم سے فائدہ اٹھانے والے شہریوں کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں انکو آٹے کی بلامعاوضہ فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔