مسلم لیگ ن کے نظریاتی کارکنوں نےپارٹی انتخابات کا مطالبہ کر دیا

March 28, 2023

پشاور (جنگ نیوز) مسلم لیگ ن کے نظریاتی کارکنوں نے پارٹی میں فی الفور انتخابات کا مطالبہ کر دیا ۔اس حوالے سے پارٹی رہنماارباب خضرحیات نے کہا کہ عید کے فوری بعد صوبائی کونسل کا اجلاس بلا کر انتخابات کرائے جائے ۔گزشتہ دس سالوں سے پارٹی کے اندر الیکشن نہیں ہوئے جس وجہ سے صوبائی صدر اور ان کی ٹیم آئینی طریقے سے ختم ہو چکی ہے ۔پارٹی انتخابات میں صدر ، جنرل سیکرٹری اور تمام عہدوں پر نظریاتی کارکنوں کو آگے آنے کا موقع مل جائے گا۔اس وقت صوبہ میں درجنوں کی تعداد میں من پسند افراد کو عہدوں سے نوازا گیا ہے۔ ایسے افراد کو بھی پارٹی عہدے دیئے گئے جن کے پاس پارٹی رکنیت بھی نہیں ۔نگران صوبائی کابینہ میں بھی منظور نظر افراد کو نوازا گیا جو مسلم لیگی ہے ہی نہیں ۔ پارٹی کو بچانے کے لئے نظریاتی کارکن میدان میں اترے ہیں ۔نظریاتی کارکن پارٹی کو تقسیم کرنے کے حق میں نہیں ہیں ۔ خیبر پختونخوا میں صوبائی قیادت سے اختلافات اصول کی بنیاد پر ہیں ۔ نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کرنا کسی صورت درست نہیں ۔ نظریاتی کارکنوں نے ہر مشکل گھڑی میں نوازشریف اور پارٹی کا ساتھ دیا ۔ بارہ اکتوبر 99 ءکے بعد کارکنوں نے بڑی قربانیاں دیں جنہیں آج دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ مریم نواز خیبرپختونخوا کے ناراض کارکنوں کے تحفظات دور کرنے میں کردار ادا کریں ۔ خیبر پختونخوا کے ناراض لیگی کارکنوں کے تحفظات دور نہ ہوئے تو پارٹی کو نقصان ہو گا۔ موجودہ صوبا ئی قیادت سے ہر پلیٹ فارم پر مناظرہ کے لئے تیار ہے۔ امیر مقام نے مسلم لیگ ن کو جتنا نقصان پہنچایا تاریخ میں مثال ملنا مشکل ہے۔ امیر مقام کے ارد گرد جو مفاد پرست اور خوشامدی ٹولہ ہے وہ پارٹی کو لے ڈوبا ۔ نظریاتی کارکنوں کو شوکاز نوٹسز جاری کرنا یا پارٹی سے نکالنا آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ مسلم لیگ ن کسی کے باپ کی جاگیر نہیں جو ہر ایرا غیرا کسی کوپارٹی سے نکالے ۔مسلم لیگ نظریاتی جماعت ہے جس کا ہر کارکن نوازشریف اور شہباز شریف کا سپاہی ہے۔خیبر پختونخوا کے لیگی کارکن نوازشریف کے ایک اشارے پر اپنی جانوں کے نذرانے تک دیتے ہیں۔تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلم لیگ ن پر سخت وقت آیا ہے خیبر پختونخوا کے لیگی کارکنوں نے قربانیاں دی ہیں ۔اگر یہی حالات رہے تو آئندہ الیکشن میں پارٹی کو امیدوار ملنا بھی مشکل ہوجائیں گے ۔