افغانستان سے سیریز، کوئی پاکستانی بیٹر 100 رنز بھی نہ بناسکا

March 29, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کا کوئی بیٹسمین ایک سو رنز نہیں بناسکا۔عماد وسیم نے کم بیک سیریز میں سب سے زیادہ95 رنز بنائے جس میں پاکستان کی جانب سے بننے والی واحد نصف سنچری بھی شامل تھی۔ شاداب خان نے72 اور صائم ایوب نے66 رنز بنائے جس میں آخری میچ میں ان کی49رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔ عبداللہ شفیق نے تین میچوں میں23 رنز بنائے۔ دو میچوں میں وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پی ایس ایل کے کامیاب ترین بیٹر اعظم خان دو میچوں میں صرف ایک رن بناسکے۔ اعظم خان نے سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔ تیسرے میچ سے ڈراپ ہونے کے بعد اعظم خان نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا ’’صبر کرو، اللّٰہ نے تمہاری کہانی ابھی تک ختم نہیں کی‘‘۔ حیران کن طور پر اعظم کو ڈراپ کرکے محمد حارث کو تیسرا میچ بھی کھلادیا گیا۔ حارث نے تین میچوں میں22 رنز بنائے۔ ایک اور نوجوان طیب طاہر نےسیریز میں ڈیبیو کیا اور تین میچوں میں39رنز بنائے۔16رنز ان کا سب سے زیادہ اسکور تھا۔ بولنگ میں احسان اللہ نے متاثر کن بولنگ کی اور چھ وکٹ حاصل کئے۔ احسان نے اپنی پہلی دو گیندوں پر دو وکٹ لئے۔ شاداب خان نے تین وکٹ حاصل کئے ۔تیسرے میچ میں انہوں نے13 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ عماد وسیم نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ کی کارکردگی سب سے مایوس کن رہی انہوں نےدو میچوں میں66 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔