طلبہ شفافیت اور اچھی طرز حکمرانی کو بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں، سید سعادت

March 29, 2023

پشاور ( جنگ نیوز )طلبہ اور پڑھے لکھے شہری، اداروں میں شفافیت اور اچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانے میں بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ طلبہ معلومات تک رسائی کے قانون کو استعمال کرتے ہوئے اداروں کو جوابدہ بنا نے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا انفارمیشن کمیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کمیونیکیشن سید سعادت جہاں نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ڈبگری گارڈن پشاور میں معلومات تک رسائی کے قانون پر ایک آگاہی پروگرام میں کیا۔ پروگرام میں مذکورہ کالج کی پرنسپل اور فیکلٹی ممبرز کیساتھ ساتھ طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سید سعادت جہاں نے کہا کہ انفارمیشن کمیشن شہریوں کو آن لائن کمپلینٹ کی سہولت بھی دیتا ہے۔ اگر کوئی بھی سرکاری ادارہ آپ کو مطلوبہ معلومات مقررہ وقت پر نہیں دیتا تو آپ گھر بیٹھ کر بھی آن لائن سہولت کے تحت انفارمیشن کمیشن میں شکایت درج کرواسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ معلومات تک رسائی کے قانون کو استعمال کر کے تعلیمی اداروں میں داخلے اور جاب سلیکشن کے طریقہ کار کی شفافیت میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ قانون درخواست گزار اور پبلک انفارمیشن آفیسر دونوں کو تحفظ دیتا ہے، اسلئے شہری بلا خوف معلومات کیلئے درخواست دیا کریں