بلدیاتی اداروں کے ملازمین فاقہ کشی پر مجبور، گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے

March 30, 2023

پشاور(وقائع نگار)بلدیاتی اداروں کے ملازمین فاقہ کشی پر مجبور کئی کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ہونے کی وجہ سے غریب ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ماہ رمضان میں سحر و افطار کے انتظامات خواب بن کر رہ گئے ان خیالات کا اظہار لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخوا کے سرپرست اعلیٰ شوکت کیانی،صدر حاجی انور کمال خان،جنرل سیکریٹری سلیمان خان ہوتی، پریس سیکرٹری راحیل احمد،سوشل میڈیا سیکرٹری محبوب اللہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال ایک طرف سے معاشی بد حالی کا شکار ہے دوسری جانب صوبہ بھر کی ٹی ایم ایز خصوصاً لکی مروت، ٹانک، لاچی، سرائے نورنگ، ڈیرہ اسماعیل خان، تخت نصرتی‘ پرووا، ہری پور،بٹگرام، لوئر تناول و دیگر ضم اضلاع اور بندوبستی علاقوں کی ٹی ایم ایز میں تنخواہوں و پنشن کی ادائیگی کئی ماہ سے نہ ہو سکی جس کی وجہ سے ملازمین اور پنشنرز کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور غریب ملازمین کے بچے فاقہ کشی پر مجبور ہیں دن میں روزہ رکھ کر رات کو فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہیں اور بلدیاتی اداروں کے ملازمین کا کوئی پرسان حال نہیں۔نگران صوبائی حکومت کی طرف سے بے حسی کی وجہ سے بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔