پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا نے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) کے اشتراک سے پشاور یونیورسٹی میں خیبر پختونخوا یوتھ پالیسی 2026 کے موضوع پر ایک مشاورتی سیمینار کا اہتمام کیا، جس میں صوبہ بھر سے مختلف کلیدی اسٹیک ہولڈرز، ڈیویلپمنٹ پارٹنرز، تعلیمی اداروں اور نوجوانوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈائریکٹر یوتھ افیئرز نعمان مجاہد نے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کیلئے ابھرتے ہوئے چیلنجوں نمٹنے کیلئے نوجوانوں پر مبنی پالیسی سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ کے عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کی آراء پالیسیوں کی تشکیل اور نفاذ میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں۔ یو این ایف پی اے کی صوبائی پروگرام کوآرڈینیٹر ماہ جبین قاضی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کی ترقی کے فریم ورک کو مضبوط بنانے میں ان کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈائریکٹوریٹ کے حکام کے مطابق خیبر پختونخوا یوتھ پالیسی 2026 بہتر تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیاتی بہتری کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے 10 سالہ روڈ میپ (2026-2036) فراہم کرتی ہے۔