پشاور(کرائم رپورٹر) تھانہ رحمان باباکے علاقے میں گھریلوتنازعہ پر ملزمان نے 4سالہ بچے کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا ،واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ تھانہ بھانہ ماڑی کے علاقے میں قبرستان کے قریب دیرینہ دشمنی کی بناءپر فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 68 سالہ بزرگ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ قتل کا واقعہ بلال کالونی کے علاقے میں پیش آیا جہاں مدعیہ (ف) زوجہ غفور سکنہ جیندی تنگی چارسدہ نے رحمان بابا پولیس کو بتایاکہ وہ دیگر بچوں کے ہمراہ مقتولین کے گھر بطور مہمان آئی تھی ،دو گھنٹے بعد 4سالہ حاشرلاپتہ ہوگیا تھا جسے وہ تلاش کررہے تھے ،بعد میں حاشر گھر کے کمرے میں مردہ حالت میں پایاگیا جس کے گلہ پر نشانات پائے گئے۔ انہوں نے بتایاکہ وجہ عناد گھریلو تنازعہ ہے ۔انہوں نے ملزمان زوجہ عمر علی سکنہ بلال کالونی اورعمر علی سکنہ بلال کالونی پر کی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کےلئے مردہ خانے منتقل کردی جبکہ اہم شواہد اکٹھی کرکے تفتیش کا دائرل وسیع کردیاگیاہے ۔ادھر طورخان روڈ پر محلہ کندے پایان قبرستان کے قریب دیرینہ دشمنی کی بناءپر فریقین کے درمیان کراس فائرنگ کے نتیجے میں 68 سالہ بزرگ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق فریقین عدالت میں پیشی کے بعد واپس جا رہے تھے کہ طورخان روڈ کے قریب دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد نوبت فائرنگ تک پہنچ گئی، شدید کراس فائرنگ کے تبادلے میں فریق اول سے تعلق رکھنے والے 68 سالہ سراج حسین ولد سعداللہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کا 30 سالہ بیٹا ایمل حسین گولی لگنے سے زخمی ہوا،فائرنگ کے تبادلے میں فریق دوئم سے 55 سالہ شکیل ارشد ولد اسلام دین شدید زخمی ہوا ہے، فائرنگ سے موٹر کار کو بھی نقصان پہنچاہے،پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے دونوں فریقین کے زخمیوں کی مدعیت میں کراس ایف آئی آردرج کر لی ہے، پولیس کے مطابق مقتول سراج حسین اور زخمیوں کا تعلق گڑھی ملک احمد اور لنڈی ارباب سے ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ کی وجہ سابقہ دشمنی ہے۔پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کےلئے منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔