پشاور(جنگ نیوز)محکمہ اوقاف ضلع پشاور کے ملازمین کے ہنگامی اجلاس میں گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ رمضان المبارک کی آمد سر پر ہے مگر کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جس کی وجہ سے ملازمین اور ان کے گھرانے شدید مالی پریشانی میں مبتلا ہیں اور اس بابرکت مہینے کی بنیادی تیاری بھی ممکن نہیں رہی۔ اجلاس میں حکم خان اسسٹنٹ کی سالوں سے غیر ضروری اور مسلسل تعیناتی اور اختیارات کے مبینہ غلط استعمال پر بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ اس عمل نے محکمہ کے نظم و نسق اور مالی صورتحال کو متاثر کیا ہے۔ملازمین نے چیف سیکرٹری، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور اعلیٰ عدلیہ سے فوری مداخلت کی پُرزور اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک سے قبل تمام بقایا تنخواہیں فی الفور ادا کی جائیں اور متعلقہ معاملات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر اعلان کیا گیا کہ کل بروز منگل 17 فروری سے مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت کے لیے احتجاج شروع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔