• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اساتذہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا بنیادی ستون ہوتے ہیں، ناظم آئی جے ٹی

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور تقویم الحق نے کہا ہے کہ پشاوریونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا) کے مطالبات جائز، حقیقت پر مبنی اور اساتذہ برادری کے بنیادی حقوق سے متعلق ہیں۔ اساتذہ کی تنخواہوں میں تاخیر، ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی، پروموشنز میں رکاوٹیں اور جامعہ کو درپیش سنگین مالی بحران جیسے مسائل پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی نہایت تشویشناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا بنیادی ستون ہوتے ہیں، اور ان کے جائز حقوق کی ادائیگی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ اساتذہ کے مطالبات کی اصولی حمایت کرتی ہے اور سمجھتی ہے کہ ان مسائل کا فوری اور مستقل حل ناگزیر ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ تدریسی عمل کا بائیکاٹ مسائل کا مؤثر حل نہیں۔ کلاسوں کی بندش سے تعلیمی سرگرمیاں مفلوج اور طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے، جس کے اثرات براہِ راست طلبہ کے مستقبل پر مرتب ہوتے ہیں۔ طلبہ کو ذہنی دباؤ اور تعلیمی نقصان سے دوچار کرنا کسی صورت مناسب طرزِ عمل نہیں۔ تقویم الحق نے پیوٹا قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسائل کے حل کے لیثے سنجیدہ مذاکرات، بامقصد مکالمے اور آئینی وجمہوری جدوجہد کی راہ اختیار کرے۔ اسلامی جمعیت طلبہ ہر مثبت اور تعمیری کوشش میں اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ وقت کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کو مسلسل نظر انداز کرنا لمحۂ فکریہ ہے، جامعات کو درکار فنڈز، بنیادی سہولیات اور انتظامی خود مختاری سے محروم رکھنا دراصل قومی تعلیمی ڈھانچے کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ اگر یہی روش برقرار رہی تو ملک میں علمی و تحقیقی زوال مزید گہرا ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیوٹا کے جائز مطالبات فوری تسلیم کئے جائیں، جامعہ پشاور کے مالی بحران کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کئے جائیں، اور اساتذہ وملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں اور طلبہ کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔
پشاور سے مزید