شاہراہوں کے اطراف رہائش انسانی صحت کے لئے خطرناک

March 30, 2023

لندن (جنگ نیوز) مصروف شاہراہوں کے اطراف رہنے والوں کیلئے یہ تشویشناک خبر سامنے آئی ہے کہ گاڑیوں کے انجنوں کی آواز اور ایمرجنسی سروسز کے شور مچاتے سائرن بلڈ پریشر میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔ اس بات کا اظہار لیسٹریونیورسٹی کے ماہرین نے ایک طویل تحقیق کے بعد کیا ہے۔ تحقیق کے مطابق شور مچاتے ٹریفک اور ہائی بلڈ پریشر میں تعلق پایا گیا ہے جو انسانی صحت کے لئے خطرناک ہے۔ گزشتہ اسٹڈیز میں یہ بات واضح نہیں تھی کہ شور یا ہوا کی آلودگی بلڈ پریشر میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ تاہم اب ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی تحقیق ’’گیم چینجر‘‘ ہے جو کہ مستقبل میں ماحولیاتی پالیسی کو بنانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ سٹڈی کی مشترکہ نگرانی کرنے والے لیسٹر یونیورسٹی میں ماحولیاتی وبائی امراض کے لیکچرار سیموئیل وائی کائی کا کہنا تھا کہ یہ ٹریفک کے شور اور بلڈ پریشر کے حوالے سے 8 برس طویل دنیا کا سب سے بڑا اور جامع انفرادی سطح کا مطالعہ ہے۔