مقننہ کو عدلیہ کے معاملات میں دخل اندازی کا اختیار نہیں، ناصرہ جاوید

March 31, 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے سابق جسٹس ناصرہ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ مقننہ کو اختیار نہیں ہے کہ وہ عدلیہ کے معاملات میں دخل اندازی کرے اور یہ واضح دخل اندازی ہے،عدلیہ میں انتشار پیدا کرنے کی بہت کوشش ہورہی ہے،سینئرصحافی،رؤف کلاسرانے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی حکومت ہو، ٹائیکون ہوں، مافیاز ہوں وہ کبھی آزاد عدلیہ اور آزاد ججوں کو نہیں سراہتے،رہنما مسلم لیگ ن، سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین کے مطابق پارلیمنٹ کے کام میں نہیں جاسکتی قانون بنانا ہمارا کام ہے،ہم قانون بنائیں آپ اس قانون کو مانتے نہیں ہیں آپ اس میں نیا زاویہ نکال دیتے ہیں تو قانون ساز کا کام تو ختم ہوگیا۔سابق جسٹس ناصرہ جاوید اقبال نے کہا کہ ملک میں جس طرح کی صورتحال آج ہے اس طرح کی صورتحال میں نے کبھی دیکھی ہی نہیں اور خاص کر یہ بالکل واضح نظر آرہاہے کہ اس وقت عدلیہ میں انتشار پیدا کرنے کی بہت کوشش ہورہی ہے اور کافی حد تک ہوبھی گیا ہے وہ بھی اس واسطے کہ جو اقتدار میں ہیں ان کو الیکشن کا ہونا سوٹ نہیں کرتا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ الیکشن کسی طرح سے ہو ہی نہیں ۔ لیکن یہ بات اس لئے قابل قبول نہیں کہ آئین کا تو واضح تقاضا ہے کہ 90 دن میں اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد الیکشن ہوجانے چاہئیں اور اب یہ جو آخری وار جو ہوا ہے کہ وہ بینچ جس نے 90دن کا فیصلہ کرنا ہے اس کے ایک ممبر نے سماعت سے معذرت کرلی۔