گورنر جلد وائس چانسلرز کی تعیناتی عمل میں لائیں، وسیم حیدر

April 01, 2023

پشاور (جنگ نیوز) اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخوا کے ناظم وسیم حیدر نے کہا ہے کہ صوبے کی 12 سرکاری جامعات وائس چانسلر اور پرووائس چانسلرز کے بغیر چل رہی ہیں جس کی وجہ سے ان جامعات کے تعلیمی اور انتظامی معاملات شدید متاثر ہورہے ہیں، سرکاری جامعات ایک جانب مالی بحران سے دوچار ہے، دوسری جانب وائس چانسلرز اور پرووائس چانسلرز کی عدم تعیناتی جامعات کو انتظامی بحران سے دوچار کررہے ہیں۔انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا سے اپیل کی کہ وہ جلداز جلد وائس چانسلرز کی تعیناتی کو عمل میں لائیں۔ اعلی تعلیم و صوبائی کالجز صوبائی حکومت اور گورنر کے ترجیحات میں شامل نہیں کیونکہ جمعیت کی جانب سے بار بار جامعات کے انتظامی و مالی مسائل کے حوالے مطالبات کئے گئے لیکن ابھی تک کوئی عمل در آمد نہیں ہوا۔جامعات سے مسلسل ہراسگی اور منشیات کے بارے میں رپورٹس آرہی ہیں اور اس بابت میں جمعیت نے گورنر کو خط بھی لکھا لیکن تاحال کوئی عمل نہیں ہوا او رنہ ہی حکومت نے اس کے تدراک کے لئے کوئی اقدامات کئے ۔ انھوں نے خبردار کیا کہ ان مسائل کے حل کے لئے اگر حکومت نے درست اقدامات نہی کئے تو جمعیت احتجاجی تحریک چلائے گی۔