تمام پائلٹسPIA چھوڑنا چاہتے ہیں، ڈی جی سول ایوی ایشن کا انکشاف

April 01, 2023

اسلام آباد(آئی این پی)ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے سارے پائلٹ ادارہ چھوڑنا چاہتے ہیں،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ایوی ایشن کے چیئرمین ہدایت اللہ کی زیر صدارت اجلاس میں ڈی جی سی اے اے نے پی آئی اے کے امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹس کی تنخواہوں پر تقریبا 35سے 40فیصد ٹیکس لگا ہے، پائلٹس کے فلائنگ آورز پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے،اکثر فلائٹس کی منسوخی کا آپ سنتے ہیں اس کی وجہ پائلٹس ہی ہیں،پی آئی اے حکام نے اجلاس میں کہا کہ 141پائلٹس کے لائسنسز میں مسائل تھے، جن میں 69کلیئر ہو گئے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ غلط لائسنسز دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے،دراصل کوئی بھی لائسنس جعلی نہیں تھا، سابق وزیر سرور خان نے اسمبلی کے فلور پر یہ بات کی تھی۔