ڈاکٹر بیربل قتل، بھائی کا خاتون اسسٹنٹ پر بھی شک کا اظہار

April 02, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈاکٹر بیربل گینانی کی ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ الزام نمبر 69/2023 زیر دفعہ 302/324/ 427/34 گارڈن پولیس اسٹیشن میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقتول ڈاکٹر کے بھائی نے مقدمے میں ڈاکٹر بیربل کے ہمراہ زخمی ہونے والی خاتون اسسٹنٹ قراۃ العین پر بھی شک کا اظہار کیا ہے۔مدعی کے مطابق زخمی خاتون اسسٹنٹ بالواسطہ یا بلاواسطہ ڈاکٹر بیربل گینانی کے قتل میں ملوث ہوسکتی ہے،مقتول کے بھائی کے مطابق ڈاکٹر بیربل ایک ہمدرد اور لوگوں کے کام آنے والے اچھے انسان تھے،بظاہر انکی کسی سے دشمنی یا رنجش نہیں تھی۔دوسری جانب پولیس نے ڈاکٹر بیربل کے قتل کی تفتیش کے دوران ایک شخص کوحراست میں لے لیا ہے،پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شخص ڈاکٹر بیربل کی اسٹنٹ کا رشتہ دار ہے ،گرفتار شخص سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ،مذکورہ شخص کو سی سی ٹی وی اور ٹیکنیکل بنیادوں پر حراست میں لیا گیا ہے۔