مریضوں کی شکایات پر دو ہسپتالوں کے ایم ایس کیخلاف کارروائی کا حکم

April 02, 2023

راولپنڈی( جنگ نیوز ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے بد انتظامی، صفائی کے ناقص انتظامات اور مریضوں کی شکایات پر کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے ۔ صوبائی وزیر اچانک کہوٹہ اور کوٹلی ستیاں کے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں پہنچ گئے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود مریضوں اور انکے لواحقین سے سہولیات اور ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے رویہ کے بارے میں پوچھا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے دونوں ہسپتالوں میں بدانتظامی پر اظہار برہمی کیا اور کہا کہ پنجاب بھر میں سرکاری علاج گاہوں کے اچانک دورے جاری ہیں اور دور دراز علاقوں میں واقع ہسپتال اور مراکز صحت بھی ریڈار سے باہر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی صحت عامہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ سرکاری علاج گاہوں میں بد انتظامی اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں ہو گی اور شکایت کی صورت میں فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ دستیاب وسائل میں علاج معالجہ کی فراہمی میں کوتاہی کرنے والے عناصر سنگین نوعیت کی سزا کے مستحق ہیں اور ایسے افراد چاہیے وہ کسی بھی پوسٹ پر تعینات ہونگے انکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے عوام تکلیف میں سرکاری علاج گاہوں میں آتے ہیں اور بد انتظامی کی وجہ سے انکی تکالیف میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر صوبہ بھر کے ہر کونے میں موجود سرکاری علاج گاہوں کے اچانک اور بغیر اطلاع کے دورے جاری رکھیں گے اور انتظامات کا جائزہ لیں گے۔