پشاور کی بطور صوبائی دارلحکومت بحالی کیلئے کوشاں ہیں، گورنر غلام علی

May 25, 2023

پشاور (جنگ نیوز) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی و میئر پشاور زبیر علی نے حاجی آباد چارسدہ روڈ پر علی جان روڈ کی تعمیر و مرمت اور کیساتھ ساتھ مختلف جگہوں کے تزئین و آرائش کا کام شروع کرنے کا افتتاح کردیا افتتاح کے موقع پر نگران صوبائی وزیر حاجی فضل الہیٰ، میئر پشاور حاجی زبیر علی، سابقہ ناظم اعلی حاجی عمر خان مہمند، سابقہ صوبائی وزیر ضیا اللہ خان آفریدی، صوبائی رہنما جے یو آئی ارباب فاروق جان، جمعیت علما اسلام ضلع مردان کے امیر مولانا امانت شاہ حقانی،جماعت اسلامی امیر پی کے 79 صدیق الرحمان پراچہ اور تحصیل پشتخرہ کے چیئرمین ہارون صفت کے ساتھ ساتھ بزنس کمیونٹی، سیاسی و سماجی شخصیات، اہل علاقہ و دوست احباب کے علاوہ میڈیا نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی اور مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے کہا کہ پشاور کو بطور صوبائی دارلحکومت کے اس کی حیثیت کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں اور انشااللہ پشاور کے طول و عرض میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے انہوں نے کہا کہ ان کا دور اقتدار پشاور کیلئے مثالی دور ثابت ہوگا گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ جس طرح انہوں نے بحیثیت ضلع ناظم پشاور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے تھے اسی طرح میئر پشاور حاجی زبیر علی بھی ان کے نقش وقدم پر چلتے ہوئے پشاور کی تعمیر وترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے ۔دریں اثناءگورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی گزشتہ روز سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا اور جیل کے مختلف بلاکز، قیدیوں کی بارکوں کا معائنہ کیا اور قیدیوں سے ملاقاتیں بھی کیں، گورنر نے جیل کے کچن میں قیدیوں کیلئے تیار کی جانے والی روٹی، سالن اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کا بھی جائزہ لیا۔ گورنر کے دورہ جیل کے موقع پر انکے ہمراہ نگران صوبائی وزراء جسٹس(ر) ارشاد قیصر، عبدالحلیم قصوریہ، نگران وزیراعلٰی کے مشیر جیل خانہ جات حاجی ہدایت اللہ خان اور سابق صوبائی وزیر ضیاء اللہ خان آفریدی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سنٹرل جیل کی مجموعی حالت میں کافی فرق نظر آیا ہے، قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارے اوپر حق بنتا ہے،گورنر کا آئینی منصب سنبھالنے سے پہلے بھی سنٹرل جیل کا متعدد بار دورہ کر چکا ہوں کیا اور جیل میں مسجد کی تعمیر کے ساتھ مشکلات و مسائل کو حل کیا تھا، اب بھی درپیش تمام مسائل و مشکلات کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے جیل میں صاف پانی کے پینے کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے جیل میں سولر ٹیوب ویل لگانے کا اعلان کیا، گورنر نے قیدیوں کو سخت گرمی سے محفوظ رکھنے اور پر فضا ماحول کیلئے جیل میں 3000 سایہ دار پودے فراہم کر کے فوری لگانے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے جیل انتظامیہ کو خالی اراضی پر سبزہ زار بنانے کی بھی ہدایت کی۔