حالتِ احرام میں بچے کو گود میں لینے کا حکم

May 26, 2023

تفہیم المسائل

سوال: حالتِ احرام میں بچے کو گود میں لیاجاسکتا ہے ، اگر بچے کو اٹھانے کے لیے مرد بیلٹ یا تھیلے کا استعمال کرتا ہے، جس سے اس کا کاندھا ڈھک جائے اور اسی طرح خاتون بچے کو اٹھاسکتی ہے ، دم تو واجب نہیں ہوگا ؟(محمد شفیق ، لاہور )

جواب: بچے کو اٹھانے کے لیے جو بیلٹ باندھی جاتی ہے ،وہ سلے ہوئے لباس کے حکم میں نہیں ہے ، اس لیے مردو عورت حالتِ احرام میں ایسا بیلٹ باندھ سکتے ہیں۔ خواتین کے لیے حالتِ احرام میں لباس کے حوالے سے کوئی پابندی نہیں ہے، روزہ مرہ پہنا جانے والا سلا ہوا لباس ہی احرام کی نیت سے پہنا جاتا ہے۔ البتہ مرد کا احرام دو بغیر سلی چاردیں ہیں ، ایک بطور تہبند باندھی جاتی ہے اور دوسری چادر طواف کے علاوہ باقی اوقات میں اس طرح اوڑھی جائے کہ دونوں مونڈھے ، پیٹھ اور سینہ چھپا رہے ،طواف کے وقت اضطباغ کرے یعنی چادر کو دہنی بغل کے نیچے سے نکال کر دونوں کنارے بائیں مونڈھے پر ڈال لیے جائیں ، دایاں مونڈھا کھلارہے گا ۔لیکن یہ اضطباغ سنّت ہے اوراگر عذرہو تو سنّت ترک کی جاسکتی ہے ۔

بچے کو اٹھاکر طواف کرنا پڑے تو اس بات کا اہتمام کریں کہ حتیٰ الامکان سنت کی اتباع ہو اور احتیاطاً صدقہ دے دیا کریں، حدیث پاک میں ہے: ترجمہ: ’’ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: ایک عورت نے اپنے بچے کو اٹھاکر پوچھا: یارسول اللہ ﷺ! کیا اس کا بھی حج ہوجائے گا ؟، آپ ﷺ نے فرمایا: ہاں اور تمہیں بھی اجر ملے گا، (صحیح مسلم :1336)‘