آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال:1.میں جس بلڈنگ میں کام کرتا ہوں، 9منزلہ ہے، اس بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور میں مسجد ہے، پانچ وقت جماعت ہوتی ہے، کچھ لوگ اپنی منزل پر جماعت کرا لیتے ہیں، کیا ان کی نماز ہو جاتی ہے؟
2.جمعے کی نماز گراؤنڈ فلور میں ہوتی ہے، کچھ لوگ اپنے اپنے فلور پر ہی جمعے کی جماعت میں شامل ہو جاتے ہیں، گراؤنڈ فلور میں صفوں میں جگہ ہوتی ہے، کیا اس طرح سے نماز ہو جائے گی؟
جواب:1. جو لوگ عمارت کی زمینی منزل کی مسجد کی جماعت چھوڑ کر اپنی اپنی منزل پر علیحدہ جماعت کرواتے ہیں ان کی نماز تو ادا ہوجائے گی، لیکن اگر زمینی منزل کی مسجد شرعی مسجد ہے تو ازروئے حدیث شریف وہ لوگ مسجد میں جماعت کے ثواب سے محرومی ہوں گے۔
2. عمارت کی زمینی منزل پر موجود مسجد کی جماعت کی اقتدا بالائی منزلوں سے جائز نہیں ہے، اس لیے کہ عمارت کی بالائی منزلیں مسجد کے حکم میں نہیں ہیں، اگر مسجدِ شرعی کئی منزلہ عمارت پر مشتمل ہو تو بالائی منزل پر ہوتے ہوئے زمینی منزل پر ہونے والی جماعت کی اقتدا درست ہے، کیوں کہ پوری مسجد ایک جگہ کے حکم میں ہے، جب کہ مسئولہ صورت میں عمارت کی بالائی منزلیں مسجدِ شرعی کے حکم میں نہیں ہیں، لہٰذا جو لوگ زمینی منزل پر ہونے والی نمازِ جمعہ کی اقتدا اپنی اپنی منزل سے کرتے ہیں، ان کی نماز ادا نہیں ہوگی۔
اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔
iqra@banuri.edu.pk