یوم تکریم شہداء، ریسکیو 1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں دعائیہ تقریب

May 26, 2023

پشاور(جنگ نیوز)یوم تکریم شہدا ءکے حوالے سے ریسکیو1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں دعا ئیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقر یب میں شہدا کے بلند درجا ت جبکہ غازیوں و زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، ریسکیو1122 صوبائی ہیڈ کوارٹر اور خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں قائم ریسکیو سٹیشنز میں بھی خصو صی تقریبات اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں، عوام الناس اور ریسکیو1122 کے شہدا نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے یہی وجہ ہے کہ آج ملک خدادا میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضا قائم ہے۔ ریسکیو1122 سیکیورٹی اہلکاروں کے شانہ بہ شانہ مختلف ایمرجنسیز کے دوران خدمات فراہم کررہا ہے۔ ڈاکٹر خطیراحمد نے کہا کہ ریسکیو1122 کے 2 اہلکار نظام اللہ اور محمد اعظم شاہ مختلف ایمرجنسیز کے دوران شہید ہوئے جبکہ متعدد اہلکار مختلف ایمرجنسیز میں عوام الناس کو خدمات فراہم کرنے کے دوران زخمی بھی ہوئے۔ ریسکیو1122 اہلکاروں نے قلیل وقت میں 10 لاکھ سے زائد مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کیں۔ ریسکیو1122، پاک آرمی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے درمیا ن اعتماد کی فضا قائم ہے اوردونوں ادارے ایک جا مع پالیسی کے تحت ہر قسم کی ایمر جنسی میں عوام کو سہولیا ت فراہم کرتے ہیں۔