ہائیکورٹ، ضلع جنوبی میں موٹرسائیکل پارکنگ ٹھیکہ شفاف جاری کرنے کا حکم

May 27, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے ضلع جنوبی میں موٹر سائیکل کی اضافی پارکنگ فیس وصول کرنے سے متعلق درخواست پر پارکنگ کا ٹھیکہ شفاف طریقے سے جاری کرنے کا حکم دیدیا اور ڈی ایم سی ساؤتھ کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کمشنر کراچی کو فوری طور پر ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا، عدالت نے ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ اور دیگر افسران پر اظہار برہمی کیا ، چیف جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے کہ 13 مئی کو غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے کے خلاف درخواست دائر کی گئی، 15 مئی کو ٹھیکہ کس قانون کے تحت جاری کردیا گیا، ڈائریکٹر ڈی ایم سی ساؤتھ نے بتایا کہ میں نے ابھی آفس جوائن کیا ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے سب کھانچے مار رہے ہیں،عدالتی حکم کے باوجود کمشنر کراچی اقبال میمن پیش نہیں ہوئے،عدالت نے پارکنگ کا نیا ٹھیکہ جاری کرکے تین ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی۔