اورنگی، ڈاکو سمجھ کر شہریوں کے تشدد سے ہلاک 2 نوجوان بے گناہ نکلے

May 27, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کراچی میں ڈاکوئوں سے پریشان شہریوں نے ڈاکو سمجھ کر دو نوجوانوں کو مار ڈالا،تفصیلات کے مطابق 7 مئی کو اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14-c میں شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان بابر ولد فرمون اور نزیر ولد نصیر ابتدائی تفتیش میں بے گناہ نکلے،تفتیشی پولیس کے مطابق اورنگی ٹائون کے رہائشی تین دوست چائے پینے گھر سےنکلے تھے کہ کسی نے شک کی بنا پر شور مچایا اور پھر ہجوم نے پیچھا کر کے تینوں نوجوانوں کو پکڑ کر مارنا شروع کردیا،ہجوم کے تشدد کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی، دو نوجوان تشدد سے ہلاک جبکہ تیسرا دوست اویس زخمی ہوگیا تھا، تینوں دوستوں کے قبضے سے اسلحہ یا چھینا گیا سامان نہیں ملا تھا ،جائے وقوع سے ملنے والی موٹر سائیکل چوری کی تھی، پولیس نے زخمی اویس کو کیس میں نامزد کردیا تھا،پاکستان بازار پولیس نے مقدمہ میں ڈیڑھ سو افراد کو نامزد کیا تھا،پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ تشدد میں ملوث دیگر ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔