چوری کی کاریں خرید کر پارٹس فروخت کرنیوالا کباڑی گرفتار

May 28, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر )اے وی ایل سی نے چوری کی کاریں خرید کر پارٹس کی صورت میں فروخت کرنے والےکباڑی کو گرفتار کر لیا۔کار اور اس کے کھلے ہوئے پارٹس سی این جی کٹ، سلنڈر و ٹائر برآمد ۔تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نیو کراچی ڈویژن نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں سے چوری کی جانے والی کاریں خرید کر پارٹس کی صورت میں فروخت کرنے والے کباڑی ملزم عامر ولد نازک کو گرفتار کر کے تھانہ سرسید کے علاقے سے سرقہ ہونے والی کار اور اس کے کھلے ہوئے پارٹس سی این جی کٹ، سلنڈر و ٹائر وغیرہ برآمد کر لئے۔گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہے اور اب تک درجنوں سرقہ شدہ کاریں پارٹس کی صورت میں فروخت کر چکا ہے مگر اس سے قبل کبھی گرفتار نہیں ہوا ہے،ملزم سے برآمد شدہ چوری کی کار فروخت کرنے والے ملزم کے ساتھ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مزید گاڑیوں کی برآمدگی کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔